چین کیساتھ ملکر ناردرن سی روٹ کو ترقی دینے کا منصوبہ بنائیں گے: روس

Published On 26 November,2025 06:03 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) روس کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ ملکر ناردن سی روٹ کو ترقی دینے کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس کے نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے بیجنگ میں ہونے والے ساتویں روس چین انرجی بزنس فورم میں کہا ہے کہ منصوبے سے چین کو توانائی کی فراہمی کے لئے اضافی مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی شراکت داروں کے ساتھ ناردرن سی روٹ کی مشترکہ ترقی خصوصی اہمیت کی حامل ہے، یہ راستہ چین تک توانائی وسائل کی فراہمی کے لئے اضافی مواقع فراہم کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ روس کا ارادہ ہے کہ بیرونی چیلنجز کے تناظر میں چین کو توانائی کی سپلائی کے خطرات کم کئے جائیں، لاجسٹکس کو بہتر بنایا جائے اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے۔

الیگزینڈر نوواک نے مزید بتایا کہ روس اور چین قابل تجدید توانائی سے پیدا ہونے والی بجلی کے ماخذ کی تصدیق اور ایک دوسرے کے قومی سرٹیفکیشن نظاموں کی باہمی پذیرائی پر بھی بات چیت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم قابل تجدید توانائی، ہائیڈروجن انرجی، توانائی ذخیرہ کرنے اور کاربن مارکیٹس جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے، ہم نے قابل تجدید ذرائع سے تیار ہونے والی بجلی کے ماخذ کی تصدیق اور بجلی کے شعبے میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کی نگرانی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔