ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیار کم کرنے پر دوبارہ مذاکرات کیلئے تیار ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس کے مستقل نمائندے جینیڈی گاتیلوف نے کہاکہ اس مقصد کے لئے روس فروری 2026ء کے بعد ایک سال کے لئے نیو سٹارٹ معاہدے کے تحت مقرر کردہ مرکزی مقداری پابندیوں پر عمل جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام صرف اس صورت میں ممکن ہوگا اگر امریکہ بھی اسی طرح کا رویہ اپنائے اور موجودہ ہتھیاروں کے توازن کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے گریز کرے، گاتیلوف نے کہا آخر کار رقص کے لئے دو کا ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ معاملہ آئندہ کانفرنس برائے ہتھیار کمی کے اجلاس میں جنوری 2026ء میں ایجنڈے پر شامل ہوگا، نیو اسٹارٹ معاہدہ، جو امریکا اور روس کے درمیان دستخط ہوا، 2011 میں نافذ العمل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے تحت ہر فریق کو متعین تعداد میں تعینات بین القارّتی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم)، سب میرین سے لانچ ہونے والے میزائل (ایس ایل بی ایم )، سٹریٹجک بمبار اور وار ہیڈز رکھنے کی اجازت ہے، معاہدے کی مدت ابتدائی طور پر 10 سال تھی، جسے دونوں فریقین کی رضا مندی سے مزید توسیع دی جا سکتی ہے۔



