سوڈان نے ریپڈ سپورٹ فورسز کا جنگ بندی کا اعلان سیاسی چال قرار دیدیا

Published On 27 November,2025 04:15 am

خرطوم: (ویب ڈیسک) سوڈان نے ریپڈ سپورٹ فورسز کا جنگ بندی کا اعلان سیاسی چال قرار دیدیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے وزیرِ اطلاعات خالد الاعیسر نے کہا ہے کہ ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر محمد حمدان دقلو (عُرف حمیدتی) کا اعلان محض ایک سیاسی چال ہے جو بالکل عیاں ہے اور اس سے وہ زمینی حقائق چھپ نہیں سکتے۔

رپورٹ کے مطابق یہ بیان ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر محمد حمدان دقلو کے اُس اعلان کے جواب میں آیا ہے جس میں انہوں نے سوڈان میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا کہا تھا۔

وزیرِ اطلاعات نے بیان میں کہا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز نے ماضی کی جنگ بندیوں کو اپنی فورسز تک اسلحے کی ترسیل کے لیے استعمال کیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ کمانڈر محمد حمدان دقلو کا تازہ بیان بین الاقوامی برادری کو دھوکا دینے اور اپنا امیج بہتر بنانے کی ایک نئی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے سربراہ عبدالفتاح البرہان کا پیش کردہ روڈ میپ ہی جنگ ختم کرنے کا واحد راستہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز نے الفاشر اور بارا شہروں میں ہولناک جرائم کا ارتکاب کیا۔

یا درہے کہ کمانڈر محمد حمدان دقلو نے ایک ریکارڈ شدہ خطاب میں یک طرفہ انسانی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جس میں تین ماہ تک دشمنی روکنے اور ایک بین الاقوامی نگرانی کے نظام پر رضامندی شامل تھی۔

ادھر فوج کے سربراہ عبدالفتاح البرہان نے ایک بار پھر کسی بھی ایسی سیاسی مفاہمت کو مسترد کر دیا جس میں ریپڈ سپورٹ فورسز برقرار رہے یا اسے عبوری عرصے یا سوڈان کے مستقبل کے کسی بھی سیاسی انتظام میں شراکت دی جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ فورس شہری علاقوں سے نکل جائے۔