جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے، صحافی سمیت 6 فلسطینی شہید

Published On 03 December,2025 05:45 pm

غزہ: (دنیا نیوز) جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فورسز کی غزہ میں کارروائیاں جاری ہیں، اسرائیل کے متعدد فضائی حملوں میں ایک صحافی سمیت 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے میں صحافی محمود وادی شہید اور ان کا ساتھی زخمی ہوگیا، وسطی غزہ میں قائم پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہوا۔

اسرائیلی فوج نے ییلو لائن عبور کرنے کے الزام میں 2 افراد کو گولی مار کر شہید کیا، مغربی کنارے میں 2 اور فلسطینی نوجوانوں کو صیہونی فوج نے گولی مار کر شہید کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق 11 اکتوبر کی غزہ جنگ بندی کے بعد صیہونی بربریت میں 360 فلسطینی شہید، 922 زخمی ہوئے، شہدا کی تعداد 70 ہزار 117 ہو گئی، 1 لاکھ 70 ہزار 999 فلسطینی زخمی ہوئے۔

فلسطینی گروپ نے ایک اور اسرائیلی مغوی کی لاش اسرائیل کو واپس کر دی جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کی فراہم کردہ لاش کی باقیات کسی یرغمالی کی نہیں۔