فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ فوری ختم کیا جائے، اقوام متحدہ میں قرارداد منظور

Published On 03 December,2025 08:34 pm

جنیوا:(دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے’فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل‘ کے عنوان سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں اسرائیل سے فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مسودہ قرارداد جبوتی، اردن، موریتانیہ، قطر، سینیگال اور فلسطین کی جانب سے پیش کی گئی تھی اور اسے 151 ووٹوں کی حمایت، 11 کے مخالفت اور 11 ممتنع رائے کے ساتھ منظور کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی فلسطین کے مسئلے کے حوالے سے ذمہ داری برقرار ہے،1967 کے بعد کی اسرائیل کی جانب سے کیا گیا زمین پر قبضہ ختم کیا جائے اور 2 ریاستی حل کو برقرار رکھا جائے۔

علاوہ ازیں قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل آبادکاری کی سرگرمیوں کو روکے اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرے، اور تجدید مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا گیا، ریاستوں سے کہا گیا کہ وہ سرحدی تبدیلیوں کو تسلیم نہ کریں۔