جولائی سے فروری کے دوران کھانے پینے کی اشیا کی درآمدات 450 ارب تک پہنچ گئیں ، گزشتہ برس مالیت 421 ارب روپے تھی
کراچی (دنیا نیوز ) آٹھ ماہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات 8 فیصد اضافے سے 450 ارب روپے تک پہنچ گئیں۔ آبادی کے تناسب میں اضافے کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیاء کی طلب میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ادارہ شماریات کے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات 8 فیصد اضافے سے 450 ارب روپے رہی جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 421 ارب روپے کی اشیاء خورد نوش درآمد کی گئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق آٹھ ماہ میں خوردنی تیل کی درآمدات 16 فیصد اضافے سے 143 ارب روپے، چائے کی پتی کی درآمدات 10 فیصد اضافے سے 42 ارب روپے، مصالحہ جات کی درآمدات 19 فیصد اضافے سے 11 ارب روپے جبکہ آٹھ ماہ کے دوران 9 ارب 92 کروڑ روپے کا ڈرائی فروٹ درآمد کیا گیا۔ دوسری جانب انہیں آٹھ ماہ میں دالوں کی درآمدات 41 فیصد سے گھٹ کر 37 ارب روپے تک محدود رہی۔