سکھر: گودام کی چھت گرنے سے 70 مزدور ملبے تلے دب گئے، 13 جاں بحق

Last Updated On 29 March,2018 02:51 pm

روہڑی: (دنیا نیوز) سکھر میں گودام کی چھت گرنے سے 70 مزدور ملبے تلے دب گئے ، جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق روہڑی کے قریب واقع ایشیاء کی سب سے بڑی کھجور منڈی آغا قادر داد زرعی مارکیٹ میں چھوہارا بنانے والی بھٹی دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے باعث چھت مزدوروں پر آ گری ، ملبے تلے دب کر خواتین و بچوں سمیت 13 مزدور جاں بحق، جب کہ 5 زخمیوں کو روہڑی اور سکھر کے سول اسپتال منتقل کیا گیا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، بھٹی غیر قانونی تھی، دھماکے کے بعد جائے حادثہ پر قیامت صغریٰ کا منظر تھا۔ مزدوروں نے اپنی مدد آپ کے تحت امداد ی کارروائیاں کیں، انتظامیہ کے تاخیر سے جائے حادثہ پرپہنچنے پر لواحقین نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا، انہوں نے ڈپٹی کمشنر سکھر کے پہنچنے پر اُن کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکار انہیں نکال کر باہر لے گئے۔

امدادی کارروائی کے دوران 13 لاشیں نکال لی گئیں، غیر تربیت یافتہ عملہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا، ورثاء گودام کے باہر بیٹھ کر روتے رہے، ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو، ضلع چیئرمین سکھر محمد اسلم شیخ ، ڈپٹی میئر سکھر طارق چوہان، انجمن تاجران چھوہارا منڈی یونین کے صدر اور پی ٹی آئی رہنماء دیدار جتوئی، میر صوبیدار جتوئی سمیت دیگر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ پاک فوج ، رینجرز اور ایدھی کے رضاکاروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت گودام میں 70 مزدور موجود تھے ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

گودام کی چھت پر غیر قانونی طور پر چھوہارا تیار کرنے کی بھٹی بنائی گئی تھی، جو حادثے کی وجہ بنی، بھٹی میں گیس کے ذریعے چھوہارے کو قابل استعمال بنایا جاتا ہے، اچانک اضافی گیس کے استعمال کے باعث بھٹی زور دار دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں چھت پر رکھی سیکڑوں بوریاں و چھت گودام کے اندرونی ہال میں جا گریں، جہاں مزدور چھوہارا بنانے میں مصروف تھے۔ حادثے کے بعد کھجور منڈی میں بھگدڑ مچ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک خاندان کے دس افراد بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں مسمات مختاراں، مائی بشیراں، لعل خاتون، روزاں زوجہ دلبر، شبیراں شر، ایک سات سالہ نامعلوم بچی، 12 سالہ نامعلوم بچہ، سجاول کھوسو و دیگر شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں عامر کھوسو ، مسمات حضوراں ، رسول بخش ،عباس سولنگی ،علی گل کھوسو شامل ہیں۔

ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کھجور منڈی حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو متاثرین کی ہر ممکن مدد اور زخمیوں کو بہتر علاج مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر محنت ناصر حسین شاہ نے کھجور منڈی میں حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنرسکھر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔