نوشہرو فیروز میں سکھر تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام نویں جماعت کے امتحانات شروع ہوگئے، نویں جماعت کا انگلش کا پیپر وقت سے پہلے آؤٹ ہوگیا۔ امتحانی مراکز میں کھلے نقل کی جاتی رہی، لاڑکانہ میں بھی نویں جماعت کا سندھی اور اردو کا پرچہ آؤٹ ہوگیا۔
حل شدہ پیپر فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر 100 روپے میں دستیاب رہا، امتحانی مراکز میں کھلے عام نقل جاری رہی۔ میرپور ماتھیلو میں سکھر بورڈ کے تحت ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران نقل روکنے کے سندھ سرکار کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ نہم کلاس کا انگریزی کا پرچہ وقت سے پہلے ہی آؤٹ ہوگیا اور بوٹی مافیا سر عام امتحانی مرکز گورنمنٹ ہائی اسکول کے باہر پرچہ حل کراتا رہا۔ شکارپور میں امتحانی مراکز میں طلبا اور طالبات کھلے عام نقل کرتے رہے، موبائل فون کا استعمال بھی کیا جاتا رہا۔