اسلام آباد: (دنیا نیوز) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی ساڑھے پانچ سال بعد غیر ملکی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئیں۔ والدین اور دیگر اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وہ پاکستان میں 4 روزقیام کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق، ملالہ یوسف زئی کا طیارہ رات ڈیڑھ بجے کے قریب اسلام آباد ائر پورٹ پر لینڈ کیا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وفاقی پولیس کے کمانڈوز اور حساس اداروں کی سکیورٹی ٹیمیں مہمانوں کو راول لاؤنج لے کر آئیں، سیکورٹی حصار میں انہیں ائرپورٹ سے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ آج وزیرِ اعظم ہاؤس میں میٹ دی ملالہ پروگرام میں شرکت کریں گی۔ ان کی آمد پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔
یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی کو 9 اکتوبر 2012ء میں منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن دہشتگرد اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ انھیں شدید زخمی حالت میں برطانیہ پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ پوری دنیا میں ان پر حملے کے بعد شدید مذمت کی گئی۔ خواتین خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور ان کی بہادری کے صلے میں انھیں نوبل انعام سے بھی نوازا جا چکا ہے۔