کراچی: (دنیا نیوز) سخت گرمیوں میں لوڈشیڈنگ سے بچنا ہے تو رقم کا بندوبست کرنا ہوگا، پی ایس او کے مطابق اپریل سے جون کے درمیان 130 ارب روپے کی ضرورت پڑے گی۔
گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں بھی اضافہ، جس کے باعث پاور پلانٹس کی جانب سے ایل این جی اور فرنس آئل کی مانگ بڑھ گئی۔ پی ایس او کے مطابق اپریل سے جون کے درمیان پی ایس او کو 130 ارب روپے کی ضرورت پڑے گی۔
ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے مطلوبہ رقم کا بندوبست نہ کیا تو لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ پی ایس او کے مطابق ادارے کی وصولیاں اس وقت 314 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ پاور سیکٹر نے پی ایس او کے 186 ارب روپے ادا نہیں کیے۔ سوئی نادرن گیس کمپنی 22 ارب روپے کی مقروض ہے، جبکہ حکومت نے پی ایس او کو مارچ میں 23 ارب روپے ادا کیے تھے۔