کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ سی پیک کو ناکام کرنے کے لیے افواہیں پھیلائی جارہی ہے جبکہ سی پیک حقیقت ہے اور 100 فیصد پاکستان کے حق میں ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی میں کورنگی انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب میں کہا کہ ملک میں 2008 کے بعد سے جمہوری عمل جاری ہے۔ پاکستان مسلسلسل ترقی کر رہا ہے اور مستقبل مزید اچھا ہوگا۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سمندر معدنی دولت سے مالا مال ہیں جنہیں دریافت کرنے اور استعمال میں لانے کی ضرورت ہے۔ چین کے ساتھ مل کر مکران کوسٹل بلیٹ پر معدنی ذخائر کے تلاش نومبر میں شروع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے بارے میں منفی باتیں سوشل میڈیا پر پھیلائی جارہی ہیں۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہمیں مزید بندرگاہوں اور بڑے شپ یارڈ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے کام کریں گے۔