پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان جاری، 750 پوائنٹس کی کمی

Last Updated On 15 October,2018 10:03 pm

کراچی (دنیا نیوز ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 750 پوائنٹس کی کمی، 100 انڈیکس 36 ہزار 767 پوائنٹس کی سطح پر بند، سرمایہ کاروں کے 200 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

واضع معاشی پالیسی نہ ہونے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان جاری ہے۔ آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 750 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ 100 انڈیکس 36 ہزار 767 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ سوا دو سال کی کم ترین سطح پر بھی آئی۔ دوسری جانب مسلسل گراوٹ کے باعث بہت سی کمپنیوں کے شیئرز کی مالیت اس حد تک کم ہوچکی ہے کہ کئی اسٹاک تجزیہ کار اس وقت مارکیٹ میں سرمایا کاری کرنے کو بہترین وقت قرار دے رہے ہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں جانے سے پاکستان کو کئی شرائط پر عملدرآمد کرنا پڑسکتا ہے، جس میں بجلی و گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ، شرح سود میں اضافہ اور ٹیکسوں میں اضافے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ان شرائط سے کمپنوں کی آمدنی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان ہے۔