کراچی: (دنیا نیوز) پٹرول کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے 2 جہاز خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ جہازوں کی تعداد بڑھنے سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔
پاکستان میں پٹرول، گیس اور کوئلے کی بڑھتی ہوئی طلب کو بھانپتے ہوئے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے رواں مالی سال کے آخر تک پٹرول کی درآمدات کے لئے مزید 2 جہاز خریدنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے جبکہ ایل این جی درآمدات کے لئے بھی پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) جہاز خریدنے کا منصوبہ رکھتا ہے، پی این ایس سی کے مطابق ادارہ اپنے جہازوں کو کوئلے کی ترسیل کے لئے بھی استعمال کرے گا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان سالانہ اربوں روپے کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کرتا ہے،جس کے لئے بیرون ممالک کے جہازوں کا استعمال کرنا پڑتا ہے اور کثیر زرمبادلہ باہر کی کمپنیاں سمیٹ جاتی ہیں، پاکستان شپنگ کارپوریشن کے جہازوں کی تعداد بڑھنے سے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔