آل کراچی تاجر اتحاد کا کے ایم سی کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

Last Updated On 20 November,2018 07:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آل کراچی تاجر اتحاد کے عہدے داروں کے مطابق تجاوزات کے خلاف کاروائیوں نے 5 ہزار تاجروں کو بے روزگار اور سینکڑوں خاندانوں کو متاثر کر دیا ہے۔

آل کراچی تاجر اتحاد نے کے ایم سی سے کرائے داروں کو متبادل دکانیں فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔آل کراچی تاجر اتحاد کے چئیرمین عتیق میر کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی کے سبب 5 ہزار تاجر بے روزگار ہو جائینگے جبکہ ان سے منسلک 25 ہزار خاندان شدید متاثر ہونگے۔

عتیق میر کا مزید کہنا تھا انتظامیہ کے اس اقدام سے نہ صرف بے روزگاری میں اضافہ ہو گا بلکہ معاشی بحران اور شہر میں امن و امان کی فضاء انتہائی خراب ہو جائیگی۔

آل کراچی تاجر اتحاد نے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار اور وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان حالات کا نوٹس لیں تاکہ تاجروں کا روزگار بچ سکے۔