اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سات کروڑ افراد کے پاس موبائل فون موجود، جنوبی ایشیا میں شرح سب سے زیادہ.
پاکستانیوں نے فون کالز کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی عوام نے گزشتہ تین سالوں میں 1097 ارب روپے کی فون کالیں کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
پاکستانی قوم 22 کروڑ افراد پر مشتمل ہے جبکہ 7 کروڑ پاکستانیوں کے پاس موبائل فون موجود ہیں اور یہ شرح جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے پاکستان میں فون کمپنیوں کی تعداد چار ہے اور چاروں کمپنیوں نے عوام کو مختلف پیکیجز فراہم کررکھے ہیں اس کے باوجود گزشتہ تین سالوں میں عوام نے فون کالز پر 1097 ارب روپے خرچ کئے ہیں دستاویزات کے مطابق سال 2015 ء میں 317.82 ،سال 2016 ء میں 365.48 اور سال 2017 ء میں 412.28 ارب روپے کی کالز کی گئی ہیں۔