کراچی: (دنیا نیوز) کنڑ پساکی اور گمبٹ گیس فیلڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث سی این جی سیکٹر اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی۔ سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دوسے تین روز میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں سوئی سدرن حکام کا کہنا تھا کہ گیس فیلڈز میں تکنیکی خرابیوں کے باعث سندھ میں گیس کی سپلائی شدید متاثر ہوئی جسکی وجہ سے سی این جی سیکٹر اور صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کر دی گئی ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی مکمل فراہمی کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے جبکہ سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کا فیصلہ چند روز میں کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن نے میڈیا کو بتایا کہ سندھ بھر کے سی این جی سیکٹر کو غیر معینہ مدت کیلئے گیس کی فراہمی معطل نہیں کی جا رہی، تاہم سی این جی سیکٹر اور صنعتوں کو معطلی کے عرصے تک ہونے والے نقصان کے پیش نظر ایس ایس جی سی کے دفتر کے سامنے پرامن احتجاج جاری رکھا جائے گا۔