لاہور: (دنیا نیوز)بجلی کا ناقص ترسیلی نظام پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا جھٹکا لگا رہا ہے، ورلڈ بینک کے مطابق 5 کروڑ افراد اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔
پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام پر ورلڈ بینک کی چونکا دینے والی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2015 میں بجلی کے خراب ترسیلی نظام، لوڈ شیڈنگ اور اس کی عدم دستیابی کے باعث معیشت کو 18 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔
ترقی کے اس دور میں پاکستان کی کُل آباد میں 5 کروڑ افراد بجلی سے ہی محروم ہیں، مسلسل لوڈ شینڈنگ سے تجارتی سرگرمیاں ماند، صحت کا نظام متاثر اور صارف کی زندگی مشکلات سے دوچار ہے۔ رپوٹ کے مطابق بجلی کے نظام میں بہتری یا اصلاحات کی صورت میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور سالانہ 8 ارب 40 کروڑ ڈالر کی بچت بھی ممکن ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق قیمتوں میں اضافہ ہی بجلی کے نظام میں بہتری لانے کا حل نہیں، حکومت کو پاور سیکٹر کے لئے گیس کی ترسیل کا مناسب نظام ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ ٹیرف کا ایسا نظام متعارف کرانا ہو گا جس سے پاورکمپنوں کی کارکردگی میں بہتری آئے۔