کراچی: (دنیا نیوز) عالمی ریٹنگ کے ادارے فیچ کے مطابق پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے کئی کڑی شرائط کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عالمی ریٹنگ کے ادارے فیچ نے پاکستان کی معیشت پر رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان معاملات جنوری سے مارچ 2019ء کے درمیان طے پا جائیں گے، قرض حصولی کی خاطر پاکستان کو کڑی شرائط کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فیچ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارہ توانائی کے شعبے کو راہ راست پر لانے، سرکاری اداروں کے نقصانات کو کم کرنے اور گردشی قرضوں میں کمی کی شرائط عائد کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور معاشی سست روی کے باعث درآمدات میں کمی واقع ہو گی۔ فیچ کے مطابق سال 2016ء میں آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ معاشی پاکستان کے معاشی حالات خراب ہوئے۔