کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک نے رواں مالی سال 11 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔ شوگر ایکسپورٹ سے 35 کروڑ ڈالر کی آمدن متوقع ہے۔
ملک میں چینی کی اضافی پیداوار ہوئی تو حکومت نے اس کی برآمدات کا فیصلہ کیا، سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 19-2018 کے دوران 11 لاکھ ٹن چینی برآمد کی جائے گی۔ چینی کی برآمدات میں آسانی کے لئے شوگر ملز کے لئے کرشنگ شروع کرنے کی شرط ختم کردی گئی ہے مگر ساتھ ہی کاشتکاروں کی ادئیگیوں کی شرط لازم قرار دی گئی ہے جس کے لئے کین کمشنر کا سرٹیفیکیٹ درکار ہو گا۔
وفاقی کابینہ نے چینی کے برآمدی کوٹے میں1 لاکھ ٹن کا اضافہ کیا تھا، ایک محتاط اندازے کے مطابق چینی برآمدات سے 35 کروڑ ڈالر کی آمدن ہوگی۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں چینی کی سالانہ ضرورت 50 لاکھ ٹن ہے جبکہ ملک کی اوسط پیداوار 70 لاکھ ٹن ہے اس لئے ملک سے ہر سال ضرورت سے زیادہ چینی برآمد کرنی پڑتی ہے۔