زرعی معیشت کو جدید ٹیکنالوجی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، خسرو بختیار

Last Updated On 26 December,2018 07:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی، اصلاحات و شماریات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے زرعی معیشت کو جدید ٹیکنالوجی اور علمی معیشت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

مخدوم خسرو بختیار نے سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سابقہ چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر عطا الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر عطاالرحمان نے وفاقی وزیر کو مجوزہ قومی ٹاسک فورس ٹیکنالوجی اور علم پر مبنی معیشت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ معاشرے کی ترقی اور بہتری کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ضروری ہے جس سے نئے اور تخلیقی حل میسر ہونگے۔

انھوں نے کہا کہ آج دنیا کی بہترین معیشتوں کے پیچھے جدید علم کا ہاتھ ہے، ہمیں جدید ٹیکنالوجی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تا کہ اس کا اثر براہ راست ہماری معیشت پر پڑے اور پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہو۔

مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی صرف قدرتی وسائل پر مبنی نہیں بلکہ انسانی وسائل کے بہتر معیار، صنعتی ترقی اور ویلیو ایڈیشن پر منحصر ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین معیشتوں کے پیچھے جدید علم ہے جو کہ اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اعلیٰ ٹیکنالوجی کی مینوفیکچرنگ اور برآمدات پر توجہ سے نہ صرف قومی معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی علمی معیشت میں جگہ بنانے کے بھی مواقع فراہم ہونگے۔