کراچی: (دنیا نیوز) بڑھتی ہوئی عالمی ادائیگیوں کے باعث پانچ ماہ کے دوران حکومت نے 1 ارب 80 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا۔ پاکستان پر کُل واجب الادا بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں.
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران حکومت نے 1 ارب 80 کروڑ ڈالر کا قرض لیا جبکہ گذشتہ مالی سالی کے انہی پانچ ماہ کے دوران 2 ارب 80 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پانچ ماہ میں چین سے 75 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں سے 45 کروڑ ڈالر اور اسلامک ڈویلپمنٹ فنڈ سے ساڑے 27 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا، ان تمام قرضوں میں ابھی سعودیہ عرب سے ملنے والی رقم شامل نہیں ہے۔
گذشتہ مالی سال حکومت نے 11 ارب 40 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ لیا تھا، اس وقت پاکستان پر کُل واجب الادا بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جو جی ڈی پی کے31 فیصد کے برابر ہیں۔ رواں مالی سال حکومت کو 9 ارب ڈالر سے زائد کی بیرونی ادائیگیاں کرنی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر قرض برائے قرض کی یہ روش جاری رہی تو مالی سال 19-2018 کے اختتام پر بیرونی قرضے 105 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرجائیں گے۔