ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ

Last Updated On 03 January,2019 04:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں گیس کی یومیہ پیداوار میں 300 ایم ایم سی ایف ڈی کا اضافہ ہو گیا جبکہ خام تیل کی یومیہ پیداوار بھی 21 ہزار بیرل سے زائد بڑھ گئی۔

مختلف آئل فیلڈز میں تکنیکی خرابیاں دور کیے جانے سے ملک میں خام تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد وشمارکے مطابق مقامی گیس کی یومیہ پیداوار 300 ایم ایم سی ایف ڈی اضافے سے 3820 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گئی جبکہ ایک ماہ قبل گیس کی یومیہ پیداوار 3497 ایم ایم سی ایف ڈی تھی۔

اس وقت پاکستان کی یومیہ گیس کی ضرورت 7000 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔ ضرورت کو پورا کرنے کی خاطرحکومت ایل این جی درآمد کر رہی ہے۔ دوسری جانب خام تیل کی یومیہ پیداوار 21 ہزار 469 بیرل اضافے سے 97 ہزار 366 بیرل تک پہنچ گئی جو ایک ماہ قبل 75 ہزار 897 بیرل تک محدود تھی۔

ماہرین کے مطابق آئل ریفائنریز کے پاس فرنس آئل کا ذخیرہ بڑھ جانے کے باعث مختلف فیلڈ سے خام تیل کم نکالے جانے سے خرابیاں آ گئیں تھی۔ ان خرابیوں کو دو کیے جانے کے بعد خام تیل اور گیس کی پیداوار میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔