فیصل آباد: (دنیا نیوز) موسم تبدیل ہوتے ہی فیصل آباد میں گیس لوڈشیڈنگ کا بحران شدت اختیار کر گیا، گیس نہ آنے کے باعث شہری ٹالوں سے لکڑیاں خریدنے پر مجبور ہیں، ٹال مالکان نے لکڑیوں کی قیمت کو آگ لگا دی ہے۔
سرد موسم نے شدت اختیار کی تو ٹیکسٹائل سٹی میں گیس لوڈشیڈنگ کا بحران بھی شدید ہوگیا۔ گیس لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے تو شہریوں نے ایندھن کیلئے لکڑی کا استعمال شروع کر دیا۔
لکڑی کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ 500 روپے من میں فروخت ہونے والی لکڑی کی قیمت اب 800 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
لکڑی کی قیمت بڑھنے پر ٹال مالکان کہتے ہیں انہیں مارکیٹ سے لکڑی مہنگی مل رہی ہے اور پھر یہی دن انکی کمائی کے ہیں۔ گیس لوڈشیڈنگ سے تو شہری پہلے ہی تنگ ہیں اب متبادل ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے غریب شہریوں کی زندگیوں کو دردناک عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔