انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا

Last Updated On 02 January,2019 04:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک میں ڈالر 6 پیسے مہنگا ہوگیا انٹر بینک میں ڈالر 138 روپے 90 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 مہنگا ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 139 روپے 20 پیسے میں فروخت ہوا۔

دوسری جانب بڑھتی ہوئی عالمی ادائیگیوں کے باعث پانچ ماہ کے دوران حکومت نے 1 ارب 80 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا۔ پاکستان پر کُل واجب الادا بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں.

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران حکومت نے 1 ارب 80 کروڑ ڈالر کا قرض لیا جبکہ گذشتہ مالی سالی کے انہی پانچ ماہ کے دوران 2 ارب 80 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پانچ ماہ میں چین سے 75 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں سے 45 کروڑ ڈالر اور اسلامک ڈویلپمنٹ فنڈ سے ساڑے 27 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا، ان تمام قرضوں میں ابھی سعودیہ عرب سے ملنے والی رقم شامل نہیں ہے۔