سٹاک ایکس چینج میں مزید تیزی، 249 پوائنٹس کا اضافہ

Last Updated On 08 January,2019 07:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹاک مارکیٹ میں آج بھی تیزی کا رجحان رہا جب 249 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 38 ہزار 811 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ گزشتہ روز 1010 پوائنٹس کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا.

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، 100 انڈیکس 249 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 38 ہزار 811 کی سطح پر آ گیا۔ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران معاشی ابتری اور پالیسیوں میں عدم یکسانیت کی بنا پرسٹاک مارکیٹ پر بھی برے اثرات مرتب ہوئے، سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے اور انڈیکس نفسیاتی حد سے بھی نیچے گر گیا تاہم وزارت خزانہ کی جانب سے پالیسی سطح پر مناسب اقدامات اور دوست ممالک کی جانب سے مالیاتی پیکج کے سبب معاشی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس کا مثبت اثر سٹاک مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آرہا ہے، گزشتہ روز بھی سٹاک ایکس چینج میں 1010 پوائنٹس کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ذرائع کے مطابق برادر ملک چین کی جانب سے بھی 2 ارب ڈالر کا مالیاتی پیکج جلد ملنے کا امکان ہے جس کے بعد پاکستانی معیشیت مزید بہتری کی جانب گامزن نظر آئے گی۔