اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کے معاشی اقدامات کے مثبت اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر 10 فیصد بڑھی ہیں جبکہ تجارتی خسارہ 13 فی صد کم ہوا ہے۔
اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ترجمان ڈاکٹر خاقان نجیب کی دنیا نیوز سے بات چیت میں بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بہتر معاشی اعدادوشمار ملے ہیں۔
دسمبر 2017ء کی نسبت دسمبر 2018ء میں سرمایہ کاری 17 فیصد بڑھی۔ چھ ماہ میں تجارتی خسارہ ایک ارب ڈالر کم ہوا ہے۔ پہلی ششماہی میں برآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ درآمدات میں 2 فیصد کمی ہوئی۔
ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے سے 9 ہزار اشیا کی درآمد میں 23 فیصد کمی ہوئی۔ پاکستان کے لیے بیرون ادائیگیوں کا دباؤ کم ہو رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی ششماہی میں جاری کھاتے کے خسارہ میں 5 فیصد کمی ہوئی۔ نجی شعبے کے لیے 496 ارب روپے کا قرضہ جاری ہوا جو گزشتہ مالی سال پہلی ششماہی نجی شعبہ کو 232 ارب کا قرض جاری ہوا تھا۔ رواں مالی سال جولائی تا ستمبر 212 ارب کا زرعی قرض جاری ہوا۔