کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر رزاق داود کا کہنا ہے کہ حکومت کا رواں سال 27 ارب ڈالر سے زائد ایکسپورٹ کا ہدف حاصل کرنے کا عزم ہے، ہنگامی بنیادوں پر مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایڈیبل آئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داود کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تجارتی اور جاری کھاتوں کے خسارے کا سامنا ہے، جیسے ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس وقت 4 ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کر رہے ہیں جو پیٹرولیم مصنوعات کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
عبدالرزاق داود نے مزید کہا کہ مؤثر حکمت عملی کی بدولت امپورٹ کم کرنے اور ایکسپورٹ بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، برآمدات میں اضافے کے لئے چین بھی ہماری مدد کرہا ہے، رواں سال 27 بلین ڈالر سے زائد ایکسپورٹ کا ہدف مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے ملکر چیلنجز سے نمٹنا ہے، یقنین ہے کہ ہم ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر دیں گے۔