کراچی: (دنیا نیوز) درست پالیسی نہ ہونے کے سبب انکم ٹیکس فائلرز کی تعداد کم ہو رہی ہے، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے مطابق فائلرز کی تعداد بڑھانے کے لئے قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مستحکم اور جامع پالیسی بنائی جائے، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پالیسی میں تبدیلیوں سے فائلرز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے، جرمانہ دینے کے باوجود " ایکٹیو ٹیکس پیئرلسٹ میں نام نہیں ڈالا جاتا، کئی افراد کہتے ہیں کہ جرمانہ دینے کے باوجود ایکٹو لسٹ میں نام نہیں آسکتا تو گوشوارہ کیوں بھریں؟
ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے مطابق موجودہ قانون ٹیکس فائلرز کی تعداد بڑھانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، یہی وجہ ہے کہ سال 2017 کے مقابلے میں 2018ء کے دوران 2 لاکھ 40 ہزار افراد نے کم ریٹرن فائل کیے، حکومت جامع پالیسی مرتب کرے تو ٹیکس فائلرز کی تعداد 20 لاکھ سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔