سوزوکی کمپنی نے گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کر دیا

Last Updated On 03 April,2019 11:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ذرائع کا کہنا ہے کہ سوزوکی کمپنی کی جانب سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے کے سبب ممکنہ طور پر یہ اضافہ کیا گیا ہو۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوزوکی کمپنی نے اپنی گاڑیوں کی قیمت میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ کر دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے سوزوکی مہران کی قیمت میں 20 ہزار روپے اضافہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ سوزوکی مہران کی پیداوار آئندہ ماہ بند کر دی جائے گی۔

یکم اپریل سے لاگو ہونے والی قیمتوں کے مطابق مہران وی ایکس کی قیمت 7 لاکھ 99 ہزار اور مہران وی ایکس آر کی قیمت 8 لاکھ 80 ہزار کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ویگن آر وی ایکس آر کی قیمت 12 لاکھ 64 ہزار جبکہ وی ایکس ایل کی قیمت 13 لاکھ 44 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس سے قب؛ دونوں گاڑیوں کی قیمتیں بالترتیب 12 لاکھ 24 ہزار اور 13 لاکھ 14 ہزار روپے تھیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کلٹس وی ایکس آر اور وی ایکس ایل بالترتیب 14 لاکھ 10 ہزار اور 15 لاکھ 31 ہزار سے بڑھا کر 14 لاکھ 40 ہزار اور 15 لاکھ 51 ہزار کر دی گئی ہے۔ بولان اور کارگو کی قیمتیں بالترتیب 8 لاکھ 74 ہزار اور 8 لاکھ 40 ہزار ہو گئی ہیں۔ اس سے قبل ان گاڑیوں کی قیمتیں بالترتیب 8 لاکھ 54 ہزار اور 8 لاکھ 20 ہزار تھیں۔

راوی، اے پی وی، سیاز ایم ٹی اور سیاز اے ٹی بالترتیب 7 لاکھ 96 ہزار، 31 لاکھ 40 ہزار، 21 لاکھ 60 ہزار اور 23 لاکھ روپے میں دستیاب ہونگی۔ سوزوکی ویٹارا اور جمنائی کی قیمتیں بڑھا کر 40 لاکھ 90 ہزار اور 24 لاکھ 93 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

سوزوکی کمپنی کی جانب سے موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ جی ایس 150، جی ایس 150 ایس ای اور جی آر 150 کی قیمت بالترتیب ایک لاکھ 65 ہزار، ایک لاکھ 83 ہزار اور 2 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔