کھانے پینے کی اشیا درآمد کرنیوالے تاجروں کو ریلیف مل گیا

Last Updated On 03 April,2019 06:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امپورٹڈ مصنوعات کی پیکجنگ کے حوالے سے سرکار کی نئی شرط پر عمل درآمد کے لیے تاجروں کو مہلت دے دی گئی ہے۔ حکم نامے کا اطلاق اب یکم جولائی 2019ء سے ہو گا۔

کھانے پینے کی درآمدی اشیا کے حوالے سے حکومت نے مخصوص حلال سرٹیفیکیشن، اردو میں لیبلنگ اور اجزا کی تفصیل کی شرط کا حکم نامہ 19 فروری کو جاری کیا تھا۔

اس ایس آر او 237 کا اطلاق بھی فوری کر دیا تھا جس کے بعد مختلف پورٹس پر تاجروں کے کنٹینرز پھنس کر رہ گئے تھے۔ اس کے علاوہ کسٹمز نے بھی کراچی پورٹ پر پہنچے کنٹینرز کو کلیئر کرنے سے معذرت کر لی تھی۔

تاجروں نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ پیکنگ پر اردو میں لیبلنگ اور حلال سرٹیفکیشن پر کوئی اعتراض نہیں لیکن حکومت عمل درآمد کے لیے کچھ وقت دے تا کہ بین الاقوامی سپلائرز اس شرط کو پورا کر سکیں۔

کراچی چیمبر کے مطابق سرکار نے امپورٹرز کا مطالبہ مان لیا ہے اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ایس آر 237 کا اطلاق موخر کرتے ہوئے نئی شرائط پر عمل درآمد یکم جولائی 2019ء سے کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔