کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 339 پوائنٹس کی تیزی دیکھی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے مزید مہنگا ہو گیا۔ سونے کی قیمت میں بھی 1800 روپے کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ۔
دنیا نیوز کے مطابق مسلسل تین روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں ماند رہنے کے بعد چوتھے روز تیزی دیکھنے میں آئی،، شیئرز کی کم مالیت کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاروں نے حصص کی خریداری شروع کردی جس کے باعث 100 انڈیکس 339 پوائنٹس اضافہ سے 34 ہزار 995 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں 50 ارب روپے بڑھ گئی
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر 156 روپے 96 پیسے کی سطح پر مستحکم رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے اضافے سے 157 روپے 25 پیسے میں فروخت ہوا۔
اُدھر عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے صرف ایک روز میں سونے کی فی اونس قیمت 39 ڈالر اضافے سے 1381 ڈالر تک پہنچ گئی۔ عالمی منڈی کی دیکھا دیکھی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کے بھاو بڑھنا شروع ہوگئے اور سونے کی فی تولہ قیمت 1800 روپے بڑھنے کے بعد 77 ہزار 300 روپے تک پہنچ گئی۔
لاہور، کراچی، ملتان، پشاور، کوئٹہ، سکھر، فیصل آباد، سمیت دیگر صرافہ مارکیٹوں میں 10 گرام سونے کی قیمت میں 1542 روپے اضافے کے بعد 66 ہزار 272 روپے تک پہنچ گئی ہے۔