ملکی ریٹیل مارکیٹ 155 ارب ڈالر ہے: کمرشل گائیڈ برائے پاکستان کی رپورٹ جاری

Last Updated On 20 July,2019 05:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کی ریٹیل مارکیٹ کا حجم 155 ارب ڈالر ہے، زراعت ، سوفٹ ویئر ڈویلپمینٹ، متبال توانائی حتی کے پاکستان کے کچرے کو ٹھکانے لگانے کے شعبے میں بھی امریکی کمپنیاں اپنی قسمت آزماسکتی ہیں۔

دنیا نیوز کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی معیشت نے اپنے انویسٹرز کی رہنمائی کی خاطر کمرشل گائیڈ برائے پاکستان کا تازہ شمارہ جاری کردیا ہے۔ امریکی حکومت کی جانب سے جاری کمرشل گائیڈ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تجارت و سرمایا کاری کے کئی مواقع موجود ہیں۔ پاکستان خطے میں زرعی اجناس کا بڑا سپلائر بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ سوفٹ ویئر مارکیٹ اور ویسٹ منیجمنٹ کے شعبے میں بھی کمپنیاں قسمت آزما سکتی ہیں، پاکستان کا ٹیلی کام سیکٹر بہت تیزی سے ترقی کررہا ہے جبکہ متبادل توانائی کا شعبہ سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہے۔ پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جو سالانہ 4 ارب ڈالر کا کاروبار کرتی ہیں۔

پاک امریکہ تجارتی حجم تجارتی حجم تقریبا 6 ارب ڈالر ہے، پاکستان نے گزشتہ مالی سال امریکہ کو 4 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات ایکسپورٹ کی جبکہ وہاں سے 2 ارب ڈالر مالیت کی اشیاء خریدی گئیں۔ امریکی سرمایہ کاروں نے گزشتہ مالی سال 9 کروڑ ڈالر کے قریب براہ راست سرمایہ کاری کی، یو ایس میں بسنے والے پاکستانیوں نے مالی سال 19-2018 میں 3 ارب 40 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔