کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں ڈالر 40 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 30 پیسے سستی ہو گئی۔ سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر 40 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 160 روپے 5 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اُدھر انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 30 پیسے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد امریکی کرنسی 160 روپے 40 پیسے پر بند ہوئی۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 76 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز حصص مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی، پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 31774 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا، اس دوران انویسٹرز دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہوئے اور ایک دم تنزلی دیکھی گئی جس کے بعد مارکیٹ کا انڈیکس 31485.76 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
اسی دوران انویسٹرز نے ایک مرتبہ پھر دلچسپی دکھانے کی کوشش کی تاہم حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 76 پوائنٹس کی مندی کے بعد 31658.12 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔