لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ڈالر کی قدر میں تنزلی دیکھی گئی، امریکی کرنسی اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے جبکہ انٹر بینک میں 46 پیسے سستی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 50 پیسے کم ہو کر 159.90 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ کی طرح انٹر بینک میں ڈالر کی قدر گر گئی ہے، انٹر بینک میں ڈالر 46 پیسے سستا ہو کر 159.59روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اُدھر سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث حصص مارکیٹ کی تین حدیں بحال ہو گئیں۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 280.36 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی اور کاروبار میں 0.88 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران حصص مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 31968پوائنٹس کی حد تک پہنچ گیا تھا تاہم انویسٹرز کی جانب سے شیئرز کی خریدو فروخت کو ترجیح دی گئی جس کے باعث بڑی مندی دیکھی گئی اور انڈیکس 31545.26 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
تاہم کاروبار کے اختتام کے قریب سرمایہ کاروں نے ایک مرتبہ پھر دلچپسی ظاہر کی جس کے باعث زبردست دیکھنے کو ملی اور پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 280.36 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 31938.48 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران حصص مارکیٹ کی تین حدیں بحال ہوئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں مندی کے بعد 100 انڈیکس 76 پوائنٹس کی مندی کے بعد 31658.12 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔