اوپن مارکیٹ: ڈالر 30 پیسے سستا، سٹاک مارکیٹ میں بھی 99 پوائنٹس کی مندی

Last Updated On 01 August,2019 10:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں مسلسل دوسرے روز ڈالر کی قیمت میں تنزلی دیکھی گئی۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 30 پیسے سستی ہو گئی۔ سٹاک مارکیٹ میں بھی 99 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 30 پیسے گھٹ گئی، مارکیٹ میں امریکی ڈالر 159 روپے 60 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔ گزشتہ روز بھی قیمتوں میں 50 پیسے کی تنزلی دیکھی گئی تھی۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ کی طرح انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی گئی، امریکی کرنسی 17 پیسے کم ہو کر 159 روپے 42 پیسے پر بند ہوئی۔ گزشتہ روز قیمت 46 پیسے گھٹی تھی۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس میں 99 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز گراوٹ دیکھی گئی، 100 انڈیکس 99 پوائنٹس گر گیا جس کے بعد 31839.11 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک وقت پر بڑی مندی دیکھی گئی، سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 31780.92 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچپسی دکھائی گئی اور انڈیکس میں تیزی نظر آئی اور 32060.58 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔

تاہم ایک مرتبہ پھر بڑی مندی دیکھی گئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے عدم دلچسپی دکھائی گئی اور دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کیا گیا جس کے بعد 100 انڈیکس 99 پوائنٹس گرنے کے بعد 31839.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔

گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ 31938.48 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی تھی۔
 

Advertisement