گوجرانوالہ: پراپرٹی ٹیکس کیلئے عمارتوں کے مالکان کو نوٹس کا اجرا شروع

Last Updated On 16 September,2019 08:48 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے لیے رہائشی و کمرشل عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کرنے کا آغاز کر دیا۔ ایک ارب سے زائد ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے سالانہ ہدف پورا کرنے کے لیے گوجرانوالہ ڈویژن بھر کے ای ٹی اوز کو ٹاسک دے دیا ہے۔ 30 ستمبر تک ٹیکس کی ادائیگی پر مالکان کو پانچ فیصد رعایت بھی دی ہے۔ شہریوں نے ٹیکس ادائیگی کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کامیاب کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

گوجرانوالہ ڈویژن میں اڑھائی لاکھ رہائشی و کمرشل عمارتوں کے مالکان سے ایک ارب روپے سے زائد ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا کہنا ہے کہ شہری بروقت ٹیکس کی ادائیگی کر کے کسی بھی قانونی کارروائی سے بچ سکتے ہیں۔

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی عدم ادائیگی پر یکم اکتوبر سے عمارتوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔