گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) دھان کے رواں سیزن کے دوران برکھا رت نے کاشتکاروں کا خوب ساتھ نبھایا، گوجرانوالہ ڈویژن میں چاول کی کاشت کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
رواں سال دھان کی بوائی کے ساتھ ہی مون سون کا بھی آغاز ہو گیا تھا اور یوں دھان کی کاشت کے لئے کاشتکاروں کو درکار پانی کی وافر مقدار قدرتی طریقے سے ہی پوری ہو گئی جس کے نتیجہ میں دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں منوں اضافہ ہو گیا۔
بروقت بارشوں سے کسانوں کو نہ صرف مفت بارشی پانی میسر آیا بلکہ دھان کی فصلوں کو لگنے والی بیماریوں کا بھی قلع قمع ہو گیا اور کاشتکاروں کو کھاد اور زرعی ادویات کا بھی استعمال کم کرنا پڑا یوں انکے اخراجات میں واضح کمی ہو گئی۔
یہ کسان دوست موسم کا ہی کرشمہ ہے کہ امسال گوجرانوالہ ڈویژن میں چاول کی 13 لاکھ 71 ہزار میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار ہو گی اور چاول کی ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔