اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان نے دہشتگردی میں ملوث بھارت کے مزید 2 جاسوسوں کا سراغ لگا لیا ہے۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق بھارتی جاسوس سوامی آسیم آنند اور گوبند پارٹ ایران سے بلوچستان آئے اور مستونگ میں دہشتگردی کرائی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس 13 جولائی کو مستونگ میں ہونے والے دہشتگرد حملے میں ملوث ہیں، دہشتگردی کی واردات کے بعد افغانستان فرار ہو گئے۔
پاکستان نے بھارتی جاسوسوں کی شناخت کے لیے افغانستان اور ایران کو خطوط لکھ دئیے ہیں اور دونوں ممالک کو انکی شناختی تفصیلات بھیج دی ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی پاکستان نے طورخم سرحد سے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے افغان باشندے کو گرفتار کیا تھا۔