پاکستان سٹاک مارکیٹ: 264 پوائنٹس کی مندی، انٹر بینک میں ڈالر سستا

Last Updated On 25 September,2019 04:22 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 264 پوائنٹس گر گئے جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 1 پیسے سستا ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حصص مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے روز 359.89 پوائنٹس کی مندی جبکہ دوسرے روز 78 پوائنٹس کی تیزی نوٹ کی گئی تھی تاہم آج پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی بڑی مندی دیکھی گئی۔

حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 264.03 پوائنٹس مندی کے بعد 31565.21 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے، پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.84 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔

کاروبار کے آغاز سے ہی انویسٹرز نے عدم دلچسپی ظاہر کی، دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا رہے، 31829 پوائنٹس سے شروع ہونیوالی ٹریڈنگ کے دوران آغاز پر ہی بڑی مندی دیکھی گئی اور انڈیکس 31472 پوائنٹس پر دیکھا گیا۔ تاہم اس دوران شیئر کی خریدو فروخت کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس دوبارہ 31800 کی حد عبور کر گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 264.03 پوائنٹس کم ہو کر 31565 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

دوسری طرف ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا ہو گیا ہے، انٹر بینک میں قدر 1 پیسے گری جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر مستحکم ہے۔

انٹر بینک میں ڈالر 1 پیسے سستا ہوا جس کے بعد مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ایک ڈالر کی قیمت 156 روپے 15 پیسے پر ہو گئی ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 156 روپے 25 پیسے پر مستحکم رہی۔