لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز ڈالر کی قیمت سستی ہو گئی۔ انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت 29 جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے سستی ہوئی۔
دنیا نیوز کے مطابق عید کی تعطیلات کے باعث رواں ہفتے کاروبار صرف دو روز تک رہا، حکومت کی جانب سے چار چھٹیاں دی گئی تھیں جبکہ اعلان کیا گیا تھا کہ جمعۃ المبارک اور ہفتہ کو ورکنگ ڈے ہونگے، اسی لیے آج کاروباری ہفتے کے دوسرے اور آخری روز امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔
مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 29 پیسے گر گئی جس کے بعد مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 158 روپے 66 پیسے کی پر بند ہوا۔
دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں گراوٹ دیکھی گئی، امریکی کرنسی کی قیمت میں 20 پیسے تنزلی دیکھی گئی جس کے بعد ڈالر 159 روپے 20 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔