روپے کے مقابلہ میں ڈالر مہنگا، سٹاک مارکیٹ مندی کے گرداب سے نہ نکل سکی

Last Updated On 26 September,2019 04:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر مہنگا ہو گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے روز مندی کے گرداب سے نہ نکل سکی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی ڈالر مہنگا ہوا، انٹر بینک میں امریکی کرنسی 16 پیسے مہنگی ہوئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک ڈالر 156 روپے 10 پیسے پر بند ہوا۔

دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 10 پیسے مہنگی ہوئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک ڈالر کی قیمت 156 روپے 40 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی گراوٹ دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 131 پوائنٹس گھٹ گیا۔

تفصیلات کے مطابق حصص مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے روز 359.89 پوائنٹس کی مندی جبکہ دوسرے روز 78 پوائنٹس کی تیزی نوٹ کی گئی تھی، تیسرے روز بھی 264 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی تھی اس کا تسلسل آج بھی دیکھا گیا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 131 پوائنٹس کم ہونے کے بعد 31433 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، گراوٹ کے باعث مارکیٹ کی 31500 کی نفسیاتی حد بھی گر گئی۔

ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 31272 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا تھا تاہم اس دوران تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس دوبارہ 31592.11 پوائنٹس کی سطح پر آیا۔

آج کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 131 پوائنٹس تنزلی کے بعد 31433 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.42 فیصد کی مندی دیکھی گئی۔