حکومت نے شناختی کارڈ کی شرط میں نرمی کا عندیہ دے دیا

Last Updated On 25 October,2019 05:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے تاجروں کے لیے شناختی کارڈ کی شرط واپس لینے یا اس میں نرمی کا عندیہ دے دیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کہتے ہیں اب حکومت کے پاس دو ہی راستے ہیں، شناختی کارڈ کی شرط ختم کر دی جائے یا اسے مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اعتراف کیا ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط نے کاروبار کو متاثر کیا۔ انہوں نے شناختی کارڈ کی شرط مکمل ختم کرنے کا اس میں نرمی کا عندیہ بھی دیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ تاجروں کے لیے شناختی کارڈ لازمی قرار دینے کی وجہ سے خرید وفروخت کم ہوئی جس کا براہ راست اثر ٹیکس وصولیوں پر پڑا، اب حکومت کے پاس دو ہی راستے ہیں، شناختی کارڈ کی شرط ختم کر دی جائے یا اسے مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا۔

کمیٹی رکن قیصر احمد شیخ نے چیئرمین ایف بی آر کی بریفنگ پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کہا کہ مسلم لیگ ن پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط نے معیشت کو جمود کا شکار کر دیا ہے۔
 

Advertisement