بینک اکاؤنٹ ہولڈرز سے متعلقہ تمام معلومات کا تبادلہ کریں: چیئر مین ایف بی آر

Last Updated On 28 October,2019 10:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سیّد شبر زیدی کا کہنا ہے کہ بینک اکاؤنٹ ہولڈرز سے متعلقہ تمام معلومات کا تبادلہ کریں۔

چئیرمین ایف بی آر سیّد شبر زیدی نے تمام بینکوں کو مراسلہ ارسال کیا ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بینکوں کی طرف سے مختلف اکاؤنٹ ہولڈرز کی طرف سے خریدے گئے بانڈز کی تفصیلات ابھی تک ایف بی آر کو فراہم نہیں کی گئیں۔

چئیرمین ایف بی آر نے مراسلے میں تمام بینکوں کے سربراہان کو یاد دہانی کرائی ہے کہ بانڈ ہولڈرز کی تفصیلات فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط کے تحت بھی مطلوب ہیں۔ مزید یہ کہ ایسے اکاؤنٹ ہولڈرز کی رقوم انکم ٹیکس گوشواروں میں بھی ظاہر نہیں ہو رہی۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ بانڈ واشنگ کے تحت ٹیکس ادائیگی کو چھپایا جا رہا ہے اور ود ہولڈنگ ٹیکس ادا نہیں کیا جا رہا۔ کمپنیوں کی فنانشل سٹیٹمنٹ اور ریکارڈ کے مطابق ایسی رقوم آف بیلنس شیٹ کے طور پر ظاہر ہوتی ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لین دین کے نظام کو ریگولیٹ کرنے کے تحت تمام دولت اور ود ہولڈنگ کو قانون کے تحت ظاہر کرنا ضروری ہے۔
 

Advertisement