روپے نے ڈالر کے کس بل نکال دیئے، امریکی کرنسی 2 روپے 36 پیسے سستی

Last Updated On 21 April,2020 06:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 36 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی، امریکی کرنسی کے دام گرنے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 600 ارب روپے کی کمی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی تیل کے بعد ڈالر بڑی گراوٹ کا شکار ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 36 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد امریکی کرنسی 161 روپے 13 پیسے کی سطح پر پہنچ بند ہوئی۔

گزشتہ چھ روز کے دوران ڈالر کی قیمت 5 روپے 85 پیسے کم ہوچکی ہے۔ ڈالر سستا ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں لگ بھگ 600 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب انٹربینک کی دیکھا دیکھی اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی 2 روپے کمی کے بعد 161 روپے 50 پیسے میں فروخت ہوئی۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لئے امداد اور قرضوں کا اعلان کیا گیا ہے، اس کے علاوہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے، آئل کے درآمدی بل میں کمی اور حکومتی بانڈز میں ایک بار پھر سرمایہ کاری شروع ہونے سے روپے کی قدر میں استحکام آرہا ہے۔