اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کی ہڑتال کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے، انتظامیہ نے کارپوریشن کے ڈیلی ویجرز ملازمین کی یومیہ اجرت میں 240 روپے تک اضافہ کر دیا اور مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں بھی 10 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کارپوریشن کے اس اقدام سے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں میں ماہانہ 3500 سے 7000 روپے تک اضافہ ہوگا، یومیہ اجرت اور تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اجرت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2019 سے ہو گا جبکہ یکم جولائی 2019 سے مارچ 2020 کے بقاجات اقساط میں ادا کئے جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ انڈر میٹرک اور میٹرک کی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز کی یومیہ اجرت میں 125روپے کے اضافہ سے ان کی یومیہ اجرت 550 روپے سے بڑھا کر 675 روپے مقرر کردی گئی ہے، انٹرمیڈیٹ اور ڈرائیورز کی یومیہ اجرت 130 روپے کے اضافے کے ساتھ 650 روپے سے بڑھا کر 780 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ گریجوایشن اور ایم اے کی تعلیمی قابلیت والے ملازمین کی یومیہ اجرت 140روپے کے اضافے کے ساتھ 700 روپے سے بڑھا کر 840 روپے کردی گئی ہے۔
ایم بی اے، ایم پی اے، ایم کام اور ایم ایس کی یومیہ اجرت 180روپے کے اضافے سے 900 سے بڑھا کر ایک ہزار 80 روپے، ایم ایس سی، ایم فل یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اجرت 240 روپے کے اضافے سے 1200 روپے سے بڑھا کر 1440 روپے کر دی گئی ہے ۔ اسی طرح ہیڈ آفس، زونل دفاتر اور مختلف پراجیکٹس پر چھٹی کے روز کام کرنے والے ڈیلی ویجز کو اضافی پیسے بھی دئیے جائیں گے جبکہ ڈیلی ویجز کو چھٹی کے روز کام کرنے پر یومیہ 75 روپے اضافی ادا کئے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کے ایڈہاک ریلیف میں 10فیصد اضافہ کیاگیا ہے، گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، گریڈ 17 سے 20 تک کے ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، یہ اضافہ ایڈہاک ریلیف الائونس 2019 کی مد میں کیا گیا ہے، ملازمین کو بقایاجات 3 اقساط میں ادا کئے جائیں گے۔