لاہور: (روزنامہ دنیا) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے چھوٹے تاجروں اور ورکرز کیلئے امدادی پیکیج کا خیر مقدم کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے 50 ارب روپے جبکہ ورکرز کیلئے 75 ارب روپے کا پیکیج انہیں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنا ہونگی۔ پیکیج کے تحت وفاقی حکومت چھوٹے کاروباری شعبے کے تین ماہ کے بجلی کے بل ادا کرے گی، اس سے 35 لاکھ دکانداروں کو فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے حکومت کو کچھ اضافی اقدامات کرنا ہوں گے، حکومت چھوٹے کاروباروں سے مارک اپ کی وصولی کم از کم چھ ماہ کیلئے موخر کرے، بلاسود قرضوں کیلئے سکیم متعارف کرائی جائے اور رجسٹرڈ ایس ایم ایز کیلئے کریڈٹ کی حد ان کے بجلی کے بل کی رقم سے دس گنا بڑھائی جائے۔
لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت صنعت، تجارت اور عوام کو یوٹیلیٹی بلز کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ریلیف مہیا کرے گی۔