انٹر بینک: روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 84 پیسے سستا

Last Updated On 14 May,2020 04:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں رواں ہفتے کے کاروباری چوتھے روز کے دوران انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر بالترتیب 84 پیسے اور 20 پیسے سستا ہو گیا۔

تفصیلات کے مابق ملک بھر میں چند ہفتے کے دوران امریکی ڈ الر کی قدر میں اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے، چند ہفتے قبل امریکی ڈالر کی قدر 165 روپے سے زائد ہو گئی تھی جس کے بعد امریکی کرنسی کی قدر کو ریورس گیئر لگا تھا اور 158 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

تاہم اس دوران ایک مرتبہ پھر ڈالر کی قدر میں اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ دیکھنے کو ملا۔ جس کے باعث امریکی ڈالر 161 روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا، پچھلے تین روز کے دوران امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا تھا۔

آج رواں ہفتے کے چوتھے روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 84 پیسے کی کمی دیکھی گئی۔ جس کے بعد امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں 160 روپے 10 پیسے کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کی تنزلی دیکھی گئی جسکے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 160 روپے 20 پیسے ہو گئی ہے۔