لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں مارکیٹ میں آنے کے بعد کچھ ہی ماہ بعد کیا پیکانٹو کار کی قیمت میں پچاس ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔
گاڑیوں کی ویب سائٹ پاک وہیل کے مطابق پاکستان میں لانچ ہونے کے کچھ ہی بعد کیا لکی موٹرز کمپنی نے کار کی قیمتوں میں 50 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ 50 ہزار روپے کی قیمت بڑھنے کے بعد اس کار کی قیمت 19 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھ کر 20 لاکھ 49 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم ستمبر سے ہو گا، تاہم کیا لکی موٹرز کی طرف سے ابھی تک کوئی وجہ نہیں بتائی گئی کہ کمپنی نے کار کی قیمت میں اتنا بڑا اضافہ کیوں کیا ہے۔
پاک وہیل کے مطابق اس سے قبل کیا موٹرز کمپنی کی کار ایس یو وی سپورٹیج نے مقامی مارکیٹ میں زبردست جگہ بنا لی تھی تاہم نئی گاڑی کیا پیکانٹو کار اپنا جادو چلانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ پاکستان میں صارفین نے امید ظاہر کی تھی کہ موجودہ کار کی قیمت کم ہو گئی کیونکہ مذکورہ کار بین الاقوامی مارکیٹ اتنی خاص اہمیت نہیں رکھتی۔
کیا پیکانٹو کے بارے میں بتاتے چلیں کہ یہ گاڑی سفید رنگ، سپارکنگ سلور، ملکی اور مارکری بلیو رنگ میں موجود ہے، اگر آپ اس کار میں الائے رمز (Alloy Rims) انسٹال کرنے چاہتے ہیں تو آپ کو مزید پچاس ہزار روپے کا خرچہ کرنا پڑے گا اور آڈیو سسٹم اور کیمرے کی سہولت کے لیے مزید بالترتیب پچیس ہزار اور سات ہزار روپے لگانے پڑیں گے، کمپنی کے نوٹیفکیشن کے مطابق صارف 9 لاکھ 99 ہزار روپے جمع کروا کر کار کی بکنگ کروا سکتے ہیں۔