پی آئی اے کوسعودیہ کیلئے مزید21پروازوں کی اجازت

Published On 24 September,2020 03:28 pm

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے پی آئی اے کو سعودی عرب کی جانب سے 21 مزید پروازوں کا خصوصی اجازت نامہ مل گیا ۔ 30 ستمبر تک اقامے کے خطرے سے دوچار تمام لوگ مقررہ تاریخ سے قبل سعودی عرب پہنچ جائیں گے۔

 ترجمان پی آئی اے کے مطابق سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے لوگوں کی پریشانی اور بے پناہ رش کا مسئلہ حل کرنے کیلئے وزیر اعظم سے کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی جس کے بعد اعلیٰ سطح کے سفارتی ذرائع استعمال کرنے کے بعد پی آئی اے کو خصوصی طور پر مزید پروازیں چلانے کا اجازت نامہ مل گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا پی آئی اے کی ہفتہ وار 23 پروازیں مختلف شہروں کی سعودی عرب روانہ ہو رہی ہیں جن میں 12،000 افراد کی گنجائش ہے ۔ وزیراعظم کی مداخلت کے ساتھ 21 مزید پروازوں کی سسٹم میں آنے کے بعد یہ صلاحیت 25،500 افراد ہوگئی ہے ۔ یہ تمام افراد 30 ستمبر سے پہلے سعودی عرب روانہ ہوجائیں گے ۔ ادھرسی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ اس وقت جب ہمارے ہم وطن شدید پریشانی میں مبتلا تھے وزیراعظم کے کردار کے باعث اب با آسانی سعودیہ روزگار کیلئے جاسکیں گے ۔