سٹاک مارکیٹ: مسلسل دوسرے کاروباری روز زبردست تیزی، 40 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

Published On 08 October,2020 04:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 40 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملکی سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران حصص مارکیٹ میں مندی دیکھنے کو مل رہی تھی۔ تاہم گزشتہ دو کاروباری روز کے دوران غیر یقینی صورتحال ختم ہونے کے بعد تیزی کی واپسی ہوئی ہے۔

رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں صبح دس بجے تک انڈیکس میں 192 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 40 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔

دوپہر تین بجے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی اور انڈیکس میں 530.25 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 503.66 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 40353.62 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.26 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی اور پانچ حدیں بحال ہوگئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 39900، 40000، 40100، 40200، 40300 پوائنٹس کی حدیں بحال ہوئیں۔

کاروبار کے دوران 35 کروڑ 50 لاکھ 90 ہزار 222 شیئرز کا لین دین ہوا، شیئرز کے لین دین کے بعد حصص کی مالیت میں 90 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔